نئی دہلی،25؍جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریزرویشن کو لے کر حزب اختلاف پر حملہ بولا ہے۔ قنوج میں ایک پروگرام کے دوران وزیراعلی یوگی نے کہا کہ جو لوگ دلتوں کی برابری کی بات کرتے ہیں وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ان کے ریزرویشن کی وکالت کیوں نہیں کرتے؟
اس کے علاوہ، وزیر اعلی یوگی نے کانگریس صدر راہل گاندھی پر بھی حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ جب کہیں انتخابات ہوتے ہیں تب راہل گاندھی کو مندر اور جنیؤ کی یاد آتی ہے۔ راہل گاندھی کی چار نسلیں مندر نہیں گئیں اور نہ ہی ان کی چار نسلوں نے جنیؤ پہنا ہے۔ یوگی نے کہا کہ راہل گاندھی یہ دکھانے کے لئے مندروں میں جاتے ہیں کہ میں ہندو ہوں۔ مندر دکھاوے کے لئے نہیں عقیدت کے لئے جایا جاتا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ریاستی حکومت کے منصوبوں کے فوائد غریب افراد تک پہنچ رہے ہیں۔ موجودہ حکومت ذات، طبقے، مذہب کے لئے نہیں بلکہ غریب لوگوں کے فائدے کے لئے کام کر رہی ہے۔ گزشتہ چار سالوں کے دوران حکومت ہند کے تقریبا 100 منصوبوں کو شروع کر کے غریب عوام کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔